خبرنامہ انٹرنیشنل

شام کےباغی گروپوں نےسوچی کانفرنس کومسترد کردیا

شام کےباغی گروپوں نےسوچی کانفرنس کومسترد کردیا

عمان(ملت آن لائن) شام کے باغی گروپوں نے شام کے بارے میں مجوزہ سوچی کانفرنس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس امن عمل کے لئے اقوام متحدہ کو پس پشت ڈالنا چاہتا ہے۔ منگل کو بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق شام کے 40 باغی گروپوں نے ایک بیان میں روس پر جنگ سے تباہ حال شام میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ شام کے باغی گروپوں کا کہنا ہے کہ روس مسئلہ کے حل کے لئے شام کی حکومت پر دباؤ نہیں ڈال رہا ہے۔ شام کے باغی گروپوں نے اس سے قبل جنیوا امن مذاکرات میں حصہ لیا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ روس نے شام کے عوام کے مصائب کم کرنے کے لئے ایک قدم بھی نہیں اٹھایا ہے۔ شام میں فوجی مداخلت کے بعد روس شام کے مسئلہ میں ایک بااثر ملک کے طور پر سامنے آگیا ہے۔ روس کے شہر سوچی میں آئندہ سال 29 اور 30 جنوری کو مجوزہ سوچی کانفرنس کیلئے روس کو ترکی اور ایران کی حمایت حاصل ہوگئی ہے۔ باغیوں کا کہنا ہے کہ روس ایک جارح ملک ہے اور اس نے شام میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا ارتکاب کیا ہے۔

…………………………
…..اس خبر کو بھی پڑھیے…..

فلسطینی بچی چار روزہ تفتیش کے لئے اسرائیلی پولیس کے حوالے

مقبوضہ بیت المقدس(ملت آن لائن) اسرائیل کی فوجی عدالت نے زیرحراست فلسطینی لڑکی عہد تمیمی کی حراست میں چار روز کی توسیع کرتے ہوئے اسے تفتیش کے لئے پولیس کے حوالے کردیا۔ عرب خبررساں ادارے کے مطابق صہیونی فوجیوں کو تھپڑ رسید کرنے کے واقعہ سے شہرت حاصل کرنے والی 16 سالہ لڑکی عہد تمیمی کی حراست میں توسیع ملٹری پراسیکیوٹر کی درخواست پر کی گئی ہے۔ عہد تمیمی کو چند روز قبل اپنے گھر کے باہر کھڑے اسرائیلی فوجیوں نے حراست میں لیا تھا۔گرفتاری کے بعد اسے گذشتہ روز عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے عہد کو تفتیش کے لئے پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے عہد کے والد، والدہ اور ایک اور قریبی عزیزہ کو بھی حراست میں لیا تھا تاہم والدین کو رہا کردیا گیا ہے۔