خبرنامہ انٹرنیشنل

شام کےسیاسی مستقبل میں بشار الاسد کےلیےکوئی جگہ نہیں:سعودی وزیرخارجہ

ریاض :(اے پی پی) سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ شام کے سیاسی مستقبل میں بشار الاسد کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے صدر اسد سے مطالبہ کیا کہ وہ تنازع کے پرامن حل کے لیے اقتدار چھوڑ دیں۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک بیان میں سعودی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ لندن میں امریکا اور روس کے درمیان شام کے تنازع پرہونے والے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوں گے اور دونوں بڑی طاقتیں کسی حتمی فیصلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو یہ فیصلہ کرناہوگا کہ بشارالاسد کی شام کے سیاسی مستقبل میں کوئی جگہ نہیں۔ انہیں مسئلے کے سیاسی حل یا جنگ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ امریکا اور روس کے درمیان شام کے بحران کے حوالے سے چوبیس گھنٹے کے اندر اندر کوئی سمجھوتہ طے پا سکتا ہے۔