خبرنامہ انٹرنیشنل

شام کے مستقبل میں ایران اور بشارالاسد کا کوئی کردار نہیں،امریکا

شام کے مستقبل میں ایران اور بشارالاسد کا کوئی کردار نہیں،امریکا
واشنگٹن (اے پی پی،ملت آن لائن) اقوام متحدہ میں امریکا کی سفیر نیکی ہیلے نے کہا ہے کہ شام کے مستقبل میں صدر بشار الاسد اور ایران کا کوئی کردارنہیں ہے۔ان کا کہنا ہے کہ امریکا شام میں قیام امن کے لیے موثرکوششیں کرنے والا ملک ہے اور ہم بشار الاسد کے بغیر شام کو زیادہ مستحکم اور مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔العربیہ نیوزچینل سے بات کرتے ہوئے امریکی سفیر نے کہا کہ ہم شام میں داعش کی شکست کے بعد کے حالات کی منصوبہ بندی کررہے ہیں اورداعش کے بعد شام میں ایران کا کوئی ذمہ دارانہ کردار نہیں ہوگا۔ ایران ہمیشہ دوسروں کو ایذا دینے کا سبب بنا ہے جب کہ امریکا شامی بحران کے حل کا ایک موثرشریک کار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم شام کو ایک مستحکم اور مضبوط ملک دیکھنا چاہتے ہیں جس میں بشارالاسد اور ایران کا کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے۔

لبنان میں داعش سے وابستہ 19 مشتبہ جنگجو گرفتار
بیروت(اے پی پی،ملت آن لائن) لبنانی فوج نے فلسطینی پناہ گزین کیمپ عین الحلوہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران داعش سے تعلق کے الزام میں 19 مشتبہ شدت پسندوں کو حراست میں لینے کادعویٰ کیا ہے ۔العربیہ ٹی وی کے مطابق لبنانی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس حکام کو عین الحلوہ پناہ گزین کیمپ میں مصری دہشت گرد فادی ابراہیم احمد علی احمد المعروف ابو خطاب اور اس کے ساتھیوں کی موجودگی اطلاع ملی جو کیمپ میں ایک خفیہ مقام پر دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔فوج اور سکیورٹی اداروں نے فوری کارروائی کرکے ابو خطاب سیل سے وابستہ 19 مشتبہ جنگجوؤں کو گرفتار کیا ہے۔ انہیں تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔