خبرنامہ انٹرنیشنل

شاہ سلمان جنادریہ میلے میں شاہ عبدالعزیز آل سعود کو دیکھ کر آبدیدہ ہو گئے

شاہ سلمان جنادریہ

شاہ سلمان جنادریہ میلے میں شاہ عبدالعزیز آل سعود کو دیکھ کر آبدیدہ ہو گئے

جدہ (ملت آن لائن) سعودی عرب میں 32 ویں جنادریہ میلے کے موقع پر اْس وقت انتہائی جذباتی منظر دیکھنے میں آیا جب مملکت کے فرماں روا شاہ سلمان اپنے سامنے سعودی مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز آل سعود کو دیکھ کر آبدیدہ ہو گئے۔ شاہ عبدالعزیز کے کردار میں جلوہ گر ہونے والی شخصیت سعودی اداکار عبداللہ الاحمری کی تھی جو مملکت کے بانی کے حْلیے میں اْن ہی کے انداز میں میلے کے دوران حرکت کرتے نظر آئے۔سعودی عرب میں ورثے اور ثقافت سے متعلق ’’جنادریہ‘‘ کا مشہور میلہ تین ہفتوں تک جاری رہے گا۔ اس کے افتتاح کے موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور خلیجی عرب ممالک کے کئی امراء اور شیوخ موجود تھے۔جنادریہ کے میلے کا آغاز گزشتہ صدی کی 80ء کی دہائی میں ہوا۔ اس کا مقصد سعودی عرب کے عوامی ورثے کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔یاد رہے کہ شاہ عبدالعزیز 1876ء میں ریاض میں پیدا ہوئے۔ دوسری سعودی ریاست کے سقوط کے بعد وہ اپنے والد کے ہمراہ نکلے اور پھر 1932ء میں مملکت سعودی عرب کے نام سے تیسری سعودی ریاست قائم کی۔
الغوطہ پر شامی فوج کے تازہ فضائی حملوں میں مزید 40 شہری ہلاک، 125 زخمی
دمشق، شامی فوج نے دارالحکومت دمشق کے نواح میں واقع باغیوں کے زیر قبضہ علاقے مشرقی الغوطہ پر فضائی حملوں میں مزید 40 شہری ہلاک اور 125 زخمی ہوگئے ہیں۔برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق کے سربراہ رامی عبدالرحمان نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ شامی طیاروں نے مشرقی الغوطہ میں واقع چھے مختلف مقامات پر بمباری کی ہے اور سب سے زیاد ہ ہلاکتیں قصبے جسرین میں ہوئی ہیں جہاں 8 افراد مارے گئے ہیں۔قصبے ساقبہ میں2 بچے اور ایک خاتون جاں بحق ہوئی ہے۔بعض عینی شاہدین کے مطابق اس قصبے میں فضائی حملے کے بعد شاہراہوں پر انسانی اعضاء بکھرے پڑے تھے اور کئی کاریں تباہ ہوگئی ہیں۔ مشرقی الغوطہ کا علاقہ دمشق کے مشرق میں واقع ہے اور اس پر اسلامی جنگجوؤں سمیت مختلف باغی گروپوں کا کنٹرول ہے۔اس علاقے میں اس وقت بھی تقریباً 4 لاکھ افراد شامی حکومت کے محاصرے میں رہ رہے ہیں اور شامی فوج نے اس علاقے کی اس انداز میں ناکا بندی کررکھی ہے کہ وہاں خوراک اور ادویہ لے جانے کی بھی اجازت نہیں ہے۔شامی حکومت کے طیاروں نے اس ہفتے کے دوران میں اس علاقے کے مکینوں پر بلاامتیاز شدید بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں اب تک بیسیوں افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔ان زخمیوں کو فوری طبی امداد کی اشد ضرورت ہے۔ شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کے مطابق باغی جنگجوؤں نے ان فضائی حملوں کے ردعمل میں دمشق کے نواح میں واقع قصبے حرستا میں حکومت کے عمل داری والے علاقے پر ایک مارٹر گولہ فائر کیا ہے جس سے ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے۔