خبرنامہ انٹرنیشنل

شمالی افغانستان؛ فضائی حملوں کے دوران 40 شدت پسند ہلاک

کابل : (ملت+اے پی پی) شمالی افغانستان میں فضائی حملوں کے دوران 40شدت پسند ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق ننگر ہار پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز صوبے کے علاقے چھپر ہار میں امریکی جاسوس طیارے نے ایک مشتبہ ٹھکانے پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 3عسکریت پسند ہلاک اور 7زخمی ہوگئے۔ننگرہار میں گزشتہ کئی مہینوں میں داعش اور طالبان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جس میں اب تک سینکڑوں عسکریت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔شمالی صوبہ فاریاب میں فضائی حملے اور توپ خانے کی کارروائی میں 10طالبان ہلاک اور 19زخمی ہوگئے۔ وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی حملے فاریاب کے ضلع قیصر میں کئے گئے جس میں حکومت مخالف ملیشیا بشمول طالبان کو نشانہ بنایا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی میں 10 طالبان ہلاک اور 19زخمی ہوگئے۔شمالی صوبہ قندوز میں آپریشن کے دوران 30طالبان عسکریت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی افغان فوج کی 20ویں پامیر ڈویژن کر رہی ہے حکام کے مطابق اب تک 30عسکریت پسند ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔ دریں اثناء افغان وزارت داخلہ نے کابل میں جاری ہونے والے بیان میں کہا ہے کہ داعش کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور طالبان پر پابندیوں کے بارے میں فیصلہ افغان عوام کریں گے۔