خبرنامہ انٹرنیشنل

شمالی افغانستان میں سکیورٹی فورسز اورطالبان کے درمیان شدید جھڑپ، 8طالبان ہلاک ،13زخمی

کابل ۔ 19 اکتوبر (ملت + اے پی پی) شمالی افغانستان میں سیکیورٹی فورسز اورطالبان کے درمیان شدید جھڑپ میں 8طالبان ہلاک اور13زخمی ہوگئے، پروان میں شادی کی ایک تقریب میں فائرنگ کے نتیجے میں 2افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز شمالی صوبہ جوزجان میں فورسز اورطالبان کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی جس میں 8طالبان ہلاک اور13زخمی ہوگئے۔حکام کے مطابق یہ جھڑپ ضلع درزاب میں ہوئی۔جوزجان میں حالیہ ہفتوں کے دوران تشدد کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہواہے اوراب لڑائی میں درجنوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔اس سے قبل افغان میڈیا میں آنے والی اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ اس جوزجان میں لڑائی کے دوران اول نائب صدر اورسابق وارلارڈ جنرل رشید دوستم زخمی ہوگئے ہیں تاہم افغانستان کے چیف ایگزیکٹو آفس نے اس طرح کی اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیاہے۔صوبہ پروان میں شادی کی ایک تقریب میں فائرنگ کے نتیجے میں 2افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔صوبہ پروان میں حکام نے ایک خودکش حملے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیاہے۔