خبرنامہ انٹرنیشنل

شمالی کوریا مزید جوہری تجربات کی تیاری کررہا ہے،امریکی ماہرین

سیؤل:(اے پی پی) امریکی ماہرین نے کہا ہے کہ شمالی کوریا مزید جوہری تجربات کی تیاری کررہا ہے ۔ امریکا کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے یو ایس کوریا انسٹیٹیوٹ سے منسلک ماہرین کا کہنا ہے کہ سٹیلائٹ سے لی گئی تصاویر میں شمالی کوریا کے یانگ بیان جوہری کمپلیکس میں دھواں اٹھتا دیکھا گیا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اس ریڈیو کیمیکل لیبارٹری میں جوہری اسلحہ بنانے کے لئے تابکار عنصر پلوٹونیم کو ری پراسیس کیا جارہا ہے۔ ماہرین نے امریکی خفیہ ادارے کے سربراہ جیمز کلیپر کے بیان کا حوالہ بھی دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ شمالی کوریا کو استعمال شدہ جوہری ایندھن سے دوبارہ افزودہ پلوٹونیم حاصل کرنے کے لئے صرف چند ہفتے درکار ہیں ۔ امریکی ماہرین کا خیال ہے کہ یانگ بیان میں قائم جوہری لیبارٹری پوری پیداواری صلاحیت سے چلانے کی صورت میں ایک سال میں 13 پاؤنڈ افزودہ پلوٹونیم پیدا کرسکتی ہے جو ایک ایٹم بم بنانے کے لئے کافی ہے۔