خبرنامہ انٹرنیشنل

شمالی کوریا نئے میزائل تجربے سے باز رہے،امریکا

واشنگٹن: (ملت+اے پی پی) امریکا نے شمالی کوریا کی قیادت کو متنبہ کیا ہے کہ وہ بین البراعظمی میزائل کا تجربہ کرنے سے باز رہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارتِ دفاع کی جانب سے کِم یونگ اْن پر زور دیا کہ وہ ’ایسی اشتعال انگیزی اور بیان بازی سے گریز کریں، جس سے امن اور استحکام کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہو۔ امریکی محکمہ دفاع نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اْن قراردادوں کی جانب توجہ دلاتے ہوئے، جن میں شمالی کوریا کو واضح طور پر میزائلوں کے تجربوں سے منع کیا گیا ہے، سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔ واضح رہے کہ کِم نے سالِ نو کے موقع پر اپنے خطاب میں اعلان کیا تھا کہ اْن کا ملک عنقریب ایک بین البراعظمی میزائل کا تجربہ کرنے والا ہے۔