خبرنامہ انٹرنیشنل

شمالی کوریا کا آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کا اعلان

قاہرہ۔(ملت+اے پی پی) شمالی کوریا نے آزاد اورخود مختار فلسطینی ریاست کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کی آزادی کے لیے جاری جدو جہد میں وہ ہرممکن تعاون جاری رکھے گا۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ ان نے فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کو ایک مکتوب میں لکھا ہے کہ شمالی کوریا فلسطینی مملکت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ان کا یہ مکتوب قاہرہ میں متعین شمالی کوریا کے سفیر ماڈونگ ہوی نے فلسطینی سفیر دیاب اللوح تک پہنچایا۔ اس مکتوب میں شمالی کوریائی لیڈر نے فلسطینیوں کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا ہے۔ کم جونگ ان نے صدر محمود عباس، فلسطینی قوم اوران کی عادلانہ جدو جہد، مسلوب شدہ حقوق کی بحالی، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور مشرقی بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت قرار دینے کی حمایت کی۔اس موقع پر فلسطینی سفیر نے شمالی کوریا کے یوم آزادی پر فلسطینی سفیر نے شمالی کوریائی سفیر کو مبارک باد پیش کی۔