خبرنامہ انٹرنیشنل

شمالی کوریا کا ’بیلسٹک میزائل انجن کا تجربہ‘

پیانگ یانگ:(اے پی پی) شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ اس نے بین براعظمی بیلسٹک میزائل کے لیے ڈیزائن کیے گئے ایک انجن کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے سی این اے کے مطابق یہ نئے قسم کا ایسا انجن ہے جو امریکہ پر بھی ایٹمی حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔سرکاری میڈیا کے مطابق اس تجربے کے دوران شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان بھی موجود تھے۔سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک کے رہنما کم جانگ نے کہا کہ اب ملک ’سرزمین امریکہ سمیت دنیا کے کسی بھی بری بدرو تک حملہ کرنے کی صلاحیت سے لیس ہوگیا ہے۔‘ادھر امریکہ میں وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے اس کے رد عمل میں کہا ہے کہ شمالی کوریا کو ایسی حرکتوں سے باز رہنا چاہیے جس سے خطے میں مزید عدم استحکام پیدا ہو اور اسے اس کے بجائے ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جس سے وہ اپنی عالمی ذمہ داریاں پوری کر سکے۔مارچ میں بھی شمالی کوریا نے کہا تھا کہ اس نے اس طرح کے چھوٹے جوہری ہتھیار تیار کیے ہیں جو بیلسٹک میزائل کے ذریعے داغے جا سکتے ہیں۔شمالی کوریا نے گذشتہ جنوری میں جوہری تجربہ کیا تھا جس کے بعد امریکہ اور عالمی برادری نے اس پر سخت پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ شمالی کوریا کے ان کارروائیوں کی بین الاقوامی سطح پر سخت تنقید ہوئی تھی۔