خبرنامہ انٹرنیشنل

شمالی کوریا کا کامیاب جوہری تجربے کا دعویٰ

پیانگ یانگ:(اے پی پی) شمالی کوریا نے پانچویں کامیاب جوہری تجربہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ تجربے باعث شمالی کوریا میں 5.3 شدت کا زلزلہ بھی محسوس کیا گیا۔ شمالی کوریا کے سرکاری ٹی وی نے پانچواں کامیاب جوہری تجربہ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بیلسٹک میزائل ایٹمی وار ہیڈ لے جانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے جب کہ تجربے کے وقت شمالی کوریا میں 5.3 شدت کا زلزلہ بھی محسوس کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کا مرکز پنگائری نیوکلیئر سائیٹ تھی اور یہ وہی جگہ ہے جہاں ماضی میں بھی شمالی کوریا جوہری تجربات کر چکا ہے۔ جنوبی کورین حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی دھماکے کے تجربے کے وقت محسوس کیے گئے تاہم صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے جب کہ جنوبی کوریا کے صدر نے ایٹمی تجربے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے اب تک کا سب سے بڑا تجربہ کیا ہے تاہم یہ صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے۔ شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی تجربے کے بعد جنوبی کوریا نے نیشنل سیکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا جب کہ امریکا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی دھماکے کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ اقوام متحدہ نے شمالی کوریا پر کسی بھی طرح کے جوہری یا میزائل ٹیکنالوجی کا تجربے کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے لیکن اس کے باوجود شمالی کوریا کئی بار بلیسٹک میزائل کے تجربات کرچکا ہے جب کہ شمالی کوریا کی جانب سے کئی بار امریکا سمیت دیگر ممالک کو پر جوہری بم سے حملہ کرنے کی دھمکی بھی دی گئی ہے۔