خبرنامہ انٹرنیشنل

شمالی کوریا کیخلاف قرارداد کی منظوری متوقع

شمالی کوریا کیخلاف قرارداد کی منظوری متوقع

نیویارک: (ملت آن لائن) اقوام متحدہ کی ایک کمیٹی کی جانب سے رواں ماہ کے اواخر میں ایک قرارداد کی منظوری متوقع ہے جس میں شمالی کوریا میں انسانی حقوق میں بہتری لانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ جاپان اور یورپی یونین 2005 ء سے ہر سال اقوام متحدہ کی تھرڈ کمیٹی میں اسی طرح کی مجوزہ قراردادیں مشترکہ طور پر پیش کرتے آئے ہیں۔ رواں سال کے مسودے میں شمالی کوریا میں انسانی حقوق کی طویل عرصے سے جاری خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی ہے۔ شمالی کوریا کی حکومت کے اس فعل کی بھی مذمت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری پالیسی کے طور پر غیرملکی شہریوں کو منظم انداز میں اغوا کرتی رہی اور خاندانوں کا ملاپ نہیں ہونے دیا۔ مجوزہ قرارداد میں اقوام متحدہ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ شمالی کوریا میں انسانی حقوق کی سنگین صورتِ حال کی بہتری کیلئے کام کرے۔ توقع کی جارہی ہے کہ اقوام متحدہ کی یہ کمیٹی نومبر کے اواخر میں اپنے اجلاس کے دوران مجوزہ قرارداد اکثریتی رائے سے منظور کرے گی۔ جاپان اقوام متحدہ کے ارکان پر زور دے گا کہ شمالی کوریا میں انسانی حقوق کے مسائل حل کرنے کے لئے وہ اپنی کوششوں کو مربوط کریں۔