پیانگ یانگ ۔(اے پی پی) شمالی کوریا نے امریکا اور جنوبی کوریا کو خبردار کیا ہے کہ مشترکہ فوجی مشقوں کے نتیجے میں انھیں بلا امتیاز جوہری حملوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ بات پیانگ یانگ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کی گئی ہے۔گذشتہ سال شمالی کوریا نے اسی قسم کے بیان میں کہا تھا کہ وہ امریکا کو آگ کے سمندر میں تبدیل کر دے گا۔واضح رہے کہ یہ مشقیں ایک ایسے موقع پر ہو رہی ہیں جب حال ہی میں شمالی کوریا کی جانب سے رواں برس جوہری تجربے اور راکٹ خلا میں بھیجنے کے واقعات کے بعد اقوامِ متحدہ کی جانب سے اس پر نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔