خبرنامہ انٹرنیشنل

شمالی کوریا کی امریکا کو مزید میزائل تجربوں کی دھمکی

شمالی کوریا کی امریکا کو مزید میزائل تجربوں کی دھمکی
پیانگ یانگ(ملت آن لائن)شمالی کوریا نے دھمکی دی ہے کہ اگر امریکا شمالی کوریا پر دباؤ بڑھاتا رہا تو اسے میزائل تجربوں کی صورت میں مزید تحفے ملیں گے۔

شمالی کوریا کی جانب سے ہائیڈروجن بم کے تجربے کے بعد سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا جس میں شمالی کوریا کے مسلسل چھٹے تجربے پر رکن ممالک کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے شمالی کوریا کے مندوب ہین ٹی سونگ نے کہا کہ حالیہ میزائل تجربہ ملکی دفاع میں کیا گیا ہے جو امریکا کے لئے تحفہ ہے۔

ہین سونگ نے کہا کہ اگر امریکا شمالی کوریا پر دباؤ بڑھانے اور غیر ضروری پابندیاں لگانے سے باز نہ آیا تو اسے مزید تحفے ملیں گے۔

گزشتہ روز اجلاس کے دوران امریکا کی مندوب نکی ہیلے نے کہا تھا کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ ان جنگ کی بھیک مانگ رہے ہیں۔

امریکی مندوب نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ پیانگ یانگ کو جوہری پروگرام سے روکنے کے لئے سخت پابندیاں عائد کی جائیں۔

دوسری جانب روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے شمالی کوریا پر سخت پابندیاں عائد کئے جانے کی امریکی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا پر سخت پابندیوں کی دھمکیوں کے جواب میں میزائل تجربے کئے جارہے ہیں۔

روسی صدر نے کہا کہ شمالی کوریا کو فوجی کارروائی کی دھمکیاں عالمی امن کے لئے تباہی کا باعث بنے گا۔