خبرنامہ انٹرنیشنل

شمالی کوریا کی جانب سے کیا گیا نیا میزائل تجربہ ناکام، امریکہ، جنوبی کوریا

پیانگ یانگ/واشنگٹن /سیول(ملت + آئی این پی )امریکا اور جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے کیا گیا ایک نیا میزائل تجربہ ناکام ہو گیا ہے، اس سے قبل امریکا اور جنوبی کوریا نے پیونگ یانگ کے جوہری ہتھیاروں اور میزائلوں کے باعث خطرات کے تناظر میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا اور جنوبی کوریا کے حکام کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے کیا گیا ایک نیا میزائل تجربہ ناکام ہو گیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے فائر کیا گیا میزائل درمیانے فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت والا موسوڈان میزائل تھا، تاہم پیونگ یانگ کا یہ تجربہ ناکام رہا۔ اس سے قبل اسی طرز کا ایک میزائل ہفتے کو بھی ٹیسٹ کیا گیا تھا۔ گزشتہ سات ماہ میں یہ آٹھواں موقع ہے کہ شمالی کوریا نے بین الاقوامی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کوئی میزائل تجربہ کیا ہے۔ امریکا اور جنوبی کوریا نے اس نئے میزائل تجربے کی سخت مذمت کی ہے۔