خبرنامہ انٹرنیشنل

شمالی کوریا کے جوہری تجربات امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں، اوباما

واشنگٹن:(اے پی پی) امریکی صدر براک اوباما نے شمالی کوریا کے جوہری تجربات کو خطے میں امن کے لئے سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین کی مدد سے شمالی کوریا کو مستقبل میں جوہری تجربات کرنے سے روکیں گے۔ واشنگٹن میں جاری دو روزہ ایٹمی سلامتی کانفرنس کے موقع پر امریکی صدر باراک اوباما نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی جس میں خطے میں امن کے لئے شمالی کوریا کی جانب سے ہونے والے حالیہ میزائل تجربات پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر امریکی صدر کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کی جانب سے کئے جانے والے ہائیڈروجن بم اور دور تک مار کرنے والے میزائل تجربات خطے میں امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، شمالی کوریا کے جوہری تجربات کی وجہ سے خطے کے ممالک میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور امریکا کی جانب سے شمالی کوریا پر اقصادی پابندیاں بھی ان ہی خدشات کے پیش نظر عائد کی گئی ہیں۔ براک اوباما کا کہنا تھا کہ چین اور امریکا خطے کو ہتھیاروں سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں، شمالی کوریا کے جارحانہ اقدامات کے خلاف متحد ہیں اور مستقبل میں چین کی مدد سے شمالی کوریا کو مزید جوہری تجربات سے روکا جائے گا۔ چین کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی صدر باراک اوباما اور صدر جن پنگ کی ملاقات خطے میں امن کی صورتحال کے حوالے سے مثبت اور سود مند ثابت ہوگی، ملاقات میں شمالی کوریا کے بڑھتے ہوئے جارحانہ رویے پر کھل کر بات کی گئی جب کہ آئندہ شدت پسندی کی روک تھام کے لئے حکمت عملی بھی زیر غٖور لائی گئی۔ گزشتہ چند ہفتوں میں شمالی کوریا کی جانب سے ہائیڈروجن بم اور طویل فاصلے تک جانے والے میزائل کے تجربات کیے گئے جس پر امریکا اور چین سمیت بیشتر ممالک میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔