خبرنامہ انٹرنیشنل

شمالی کوریا کے مبینہ میزائل اڈے کا پہلے سے علم تھا، جنوبی کوریا

سیؤل ۔(ملت آن لائن) جنوبی کوریا کی انٹیلیجنس ایجنسی نے کہا ہے کہ امریکی تجزیاتی ادارے نے شمالی کوریا کے جس میزائل اڈے کا تفصیلی تجزیہ کیا گیا ہے ایجنسی اس کے بارے میں پہلے سے واقف تھی۔ سنٹر فار سٹریٹیجک اینڈ انٹرنیشنل سٹڈیز (سی ایس آئی ایس) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اْس نے ایسے 13 اڈے دریافت کیے ہیں جنہیں شمالی کوریا نے ظاہر نہیں کیا۔سی ایس آئی ایس نے ان میں سے ایک ساکّانمول میزائل اڈے کا تجزیہ کیا ہے جو غیر فوجی علاقے سے تقریباً 85 کلومیٹر دور شمالی ہوانگائے صوبے میں واقع ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ فی الحال اس اڈے پر کم فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل نصب ہیں لیکن اسے آسانی سے زیادہ کارگر درمیانے فاصلے کے بیلسٹک میزائلوں سے لیس کیا جا سکتا ہے۔جنوبی کوریا کی قومی انٹیلیجنس سروس نے قومی اسمبلی کی کمیٹی کو بند کمرہ اجلاس میں اس رپورٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔اجلاس کے شرکا کے مطابق ایجنسی کے عہدیدار نے بتایا ہیکہ مذکورہ اڈے پر معمول کی سطح کی سرگرمی پائی جاتی ہے۔