خبرنامہ انٹرنیشنل

شمالی کوریا کے نئے راکٹ تجربات، عالمی سلامتی کونسل کی طرف سے مذمت

نیویارک (ملت + آئی این پی) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کمیونسٹ شمالی کوریا کی طرف سے کیے گئے تازہ ترین راکٹ تجربات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کمیونسٹ شمالی کوریا کی طرف سے کیے گئے تازہ ترین راکٹ تجربات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ساتھ ہی اس ادارے نے پیونگ یانگ حکومت کے عدم استحکام کا سبب بننے والے رویے پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا۔ اس بارے میں منگل کی رات امریکا کی طرف سے پیش کردہ ایک مذمتی قرارداد کو کونسل کے رکن تمام ممالک نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ شمالی کوریا نے پیر چھ مارچ کے روز جاپان کے قریب سمندری علاقے میں چار راکٹ فائر کیے تھے اور یوں ایک بار پھر اپنے ہمسایہ ممالک اور امریکا کو اشتعال دلانے کی کوشش کی تھی۔