کابل ۔(اے پی پی) شمال مغربی افغانستان میں جھڑپوں کے دوران 28 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے، ننگر ہار میں جاسوس طیارے کے حملے میں داعش کے نو جنگجوؤں کی ہلاکت کی اطلاعات ملی ہیں، فرح میں بم دھماکے کے نتیجے میں تین بچے جاں بحق ہوگئے۔ افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق حکام نے بتایا کہ شمال مغربی صوبہ فاریاب میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ جھڑپیں پشتون کوٹ کے ضلع میں ہورہی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ جھڑپوں میں اب تک 28 عسکریت پسند ہلاک ہوچکے ہیں۔ علاقے سے بڑے پیمانے پر شہریوں کے انخلاء کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ اس علاقے میں جنرل رشید دوستم کی حامی ملیشیاء بھی طالبان اور دیگر عسکریت پسند گروپوں کے خلاف میدان میں ہے۔ مشرقی صوبہ ننگر ہار میں جاسوس طیارے کے حملے میں داعش کے نو عسکریت پسندوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ گورنر ننگر ہار کے ترجمان عطاء اللہ خوگیانی نے بتایا کہ جاسوس طیاروں نے شدت پسند تنظیم داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں داعش کے نو جنگجو ہلاک ہوگئے۔ مغربی صوبہ فرح میں ایک دھماکے کے نتیجے میں تین بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔ حکام کے مطابق دھماکہ فرح سٹی میں ہوا اور اس کے نتیجے میں تین بچے جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔