خبرنامہ انٹرنیشنل

شمال کی گرج سعودی سلامتی کے دشمنوں کے لیے پیغام ہے:سعودی شاہ سلمان

انقرہ(آئی این پی)سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ خطے میں سب سے بڑی فوجی مشق شمار کی جانے والی ’’شمال کی گرج‘‘ اسلامی اتحاد کی قیادت کی جانب سے ان تمام عناصر کے لیے ایک پیغام ہے جو ان ممالک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابقسعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا ترکی کا دورہ جاری ہے جہاں ان کی صدر رجب طیب اردگان کے ساتھ بات چیت بھی ہوئی ہے۔ ۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے باور کرایا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ ان کے ملک کے تعلقات انتہائی مضبوط ہیں۔ انہوں نے شاہ سلمان کو خطے کے امن کا دریچہ قرار دیا۔انقرہ کے صدرارتی محل میں ہونے والی بات چیت کے دوران شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ آج کی حقیقت ہم سے تقاضہ کرتی ہے کہ اہم ایک مناسب فضا قائم کرنے کے لیے مل جل کر کام کریں، ایسی فضا جہاں خطے کے ممالک کے عوام امن و استحکام اور ترقی کے حوالے سے اپنی امیدوں کو پورا کرسکیں۔ خادم حرمین نے واضح کیا کہ ترکی کے صدر کے ساتھ ان کی بات چیت کے نتائج سے ہمارے اسٹریٹجک تعلقات مضبوط ہوں گے اور اس طرح ہمارے سیاسی، اقتصادی، تجارتی، فوجی اور سیکورٹی روابط کو پنپنے کے لیے وسیع میدان میسر آئے گا۔شاہ سلمان نے باور کرایا کہ اسلامی دنیا میں تعاون اور مربوط کوششوں پر مبنی اتحادوں کے ذریعے اجتماعی اور حکمت عملی کے حامل کام دیکھنے میں آئے ہیں۔ ان ہی میں سے ایک دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کا قیام بھی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ خطے کے سب سے بڑی فوجی مشق شمار کی جانے والی “شمال کی گرج”، اسلامی اتحاد کی قیادت کی جانب سے ان تمام عناصر کے لیے ایک پیغام ہے جو ان ممالک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ترک صدر نے ملاقات کے آغاز پر خادم حرمین شریفین کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ انہوں نے گزشتہ روز شاہ سلمان کو ترکی کا سب سے بڑا شہری اعزاز “جمہوریہ” ایوارڈ دیا۔خادم حرمین شریفین دو روزہ(جمعرات اور جمعہ) اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔