خبرنامہ انٹرنیشنل

شنگھائی تعاون تنظیم کے ہیڈ کوارٹر میں پاک بھارت پرچم لہرا دیئے گئے

بیجنگ(ملت آن لائن)شنگھائی تعاون تنظیم کے ہیڈ کوارٹرز میں پاک بھارت پرچم لہرا دیئے گئے ہیں۔ ایس سی او ہیڈ کوارٹرز بیجنگ میں پاک بھارت پرچموں کو لہرانے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکرٹری جنرل شنگھائی تعاون رشید الیموف نے خصوصی شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کا ایس سی او کا مستقل ممبر بننا تاریخی فیصلہ ہے۔ہیڈ کواٹرمیں پاکستانی پرچم کو قومی ترانے کی دھن میں لہرایا گیا۔ اس موقع پر بیجنگ میں تعینات پاکستانی سفیر مسعود خالد کا کہنا تھا کہ 9 جون ایک تاریخی دن ہے اس روز پاکستان نے ایک نئے سفر کا آغاز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم علاقائی سلامتی، معاشی انضمام اور لوگوں کے درمیان روابط کو بڑھانے کےلئے ایس سی او کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔