خبرنامہ انٹرنیشنل

شیکسپیئر کی 400 ویں برسی تقریبات کا دوسرا دن

لندن ۔ 24 اپریل (اے پی پی) معروف برطانوی ڈرامہ نگار ولیم شیکسپیئر کی وفات کے ٹھیک چار سو برس پورے ہونے پر تئیس اپریل سے انگلستان میں ان کے آبائی شہر میں خصوصی تقریبات کا آغاز ہوا جو دوسرے دن بھی جاری رہیں رومیو اینڈ جیولیٹ، ہیملٹ اور کِنگ لیئر جیسے شہرہ آفاق ڈراموں کے مصنف انگریز ادیب اور ڈرامہ نگار ولیم شیکسپیئر 1564ء میں اپریل کے مہینے میں انگلینڈ کے شہر اسٹریٹ فورڈ میں پیدا ہوئے تھے اور وہ اسی شہر میں دفن بھی ہیں۔ ان کے انتقال کی تاریخ 23 اپریل 1616ء البتہ مسلمہ ہے یوں تو ہر سال اس روز شیکسپیئر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اسٹریڈفورڈ میں تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے لیکن ان کی وفات کے چار سو سال پورے ہونے پر اس برس ان تقریبات کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔برطانوی شہزادہ چارلس نے بھی ’شیکسپیئر لائیو شو‘ میں حصہ لیا، جسے برطانوی نشریاتی ادارہ نے عالمی سطح پر براہ راست نشر کیا۔ علاوہ ازیں برطانیہ اور دنیا کے معروف اداکار، ہدایت کار اور ادیب بھی مختلف تقریبات میں شریک ہیں اسٹریٹفورڈ میں تقریبات کا محور شیکسپیئر کا آبائی گھر اور جائے تدفین ہولی ٹرینیٹی چرچ ہوں گے۔ علاوہ ازیں کنگ ایڈورڈ چہارم کے نام سے منسوب اس اسکول کو بھی مستقل طور پر عوام کے لیے کھو ل دیا گیا جہاں بظاہر شیکسپیئر نے اولین طور پر اپنے شاہکار قلم بند کرنا شروع کیے تھے۔ اس اسکول کی عمارت کی حال ہی میں تزئین و آرائش بھی کی گئی، جس پر 2.6 ملین ڈالر کے برابر رقوم خرچ کی گئیں۔