خبرنامہ انٹرنیشنل

صارفین کا ڈیٹا لیک کیوں ہوا؟ فیس بک کے سربراہ سے جواب طلب

صارفین کا ڈیٹا لیک کیوں ہوا؟ فیس بک کے سربراہ سے جواب طلب

واشنگٹن: (ملت آن لائن) امریکی اور یورپی قانون سازوں نے صارفین کا ڈیٹا لیک کرنے پر فیس بک کے سربراہ مارک زکر برگ سے جواب طلب کر لیا ہے۔ سابق سی آئی اے اہلکار سنوڈین نے فیس بک پر صارفین کی نگرانی کا الزام لگا دیا۔ پانچ کروڑ سے زائد صارفین کا ڈیٹا لیک ہونے پر فیس بک مشکل کا شکار، امریکی اور یورپی قانون سازوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے سربراہ مارک زکر برگ سے جواب طلب کر لیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق لیک شدہ مواد کو صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی الیکشن مہم کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔ دوسری جانب ماسکو میں پناہ گزین امریکی خفیہ ادارے کے سابق اہلکار ایڈورڈ سنوڈین نے فیس بک کو نگرانی کرنے والی کمپنی قرار دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ فیس بک اپنے صارفین کی ذاتی معلومات دوسری کمپنیوں کو بیچ کر پیسے کماتی ہے۔
…………………..
بشار الاسد کا غوطہ کا دورہ ، ڈرائیونگ کا لطف اٹھایا

غوطہ (ملت آن لائن) شامی صدر بشار الاسد نے غوطہ کی سڑکوں پر ڈرائیونگ کی، بشار الاسد کا کہنا تھا تین ہفتے پہلے شروع ہونے والے ملٹری آپریشن میں باغیوں سے چھڑایا جانے والا یہ پہلا علاقہ ہے۔ روس اور شام کی فورسز نے مشترکہ آپریشن میں غوطہ کا اسی فیصد علاقہ باغیوں سے چھڑالیا، اس دوران پچیس ہزار افراد کو بحفاظت نکالا گیا جبکہ پندرہ سو افراد بمباری کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے۔ شامی صدر بشارالاسد نے غوطہ کی سڑکوں پر ڈرائیونگ کی، ڈرائیو کے دوران شامی صدر کا کہنا تھا کہ النشابیہ ملٹری آپریشن میں باغیوں سے چھڑایا جانے والا پہلا علاقہ ہے، باغیوں کو شکست دینا عظیم فتح ہے، شامی صدر نے کہا یہاں اب زندگی نارمل ہو رہی ہے۔