خبرنامہ انٹرنیشنل

صحارا کے تنازع میں مراکش کے ساتھ ہیں، شاہ سلمان

ریاض :(اے پی پی) سعودی_عرب کے فرمانرواشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مراکش کو یقین دلایا ہے کہ صحارا کے معاملے میں سعودی عرب مراکش کے موقف کی حمایت جاری رکھے گا۔العربیہ ٹی وی کے مطابق مراکش کے فرمانروا شاہ محمد ششم نے ریاض میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے تفصیلی ملاقات کی۔ مراکش اور سعودی عرب سربراہ کانفرنس کے موقع پر دونوں ملکوں کی سرکردہ قیادت موجود تھی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ تمام خلیجی ممالک مراکش کے ساتھ ہیں بالخصوص صحاریٰ کے تنازع میں رباط کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ، باہمی تجارت میں اضافے اور دیگرعلاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے واضح کیا کہ ان کا ملک شام اور یمن جیسے تنازعات کا فوری حل چاہتا ہے۔ یمن میں قیام امن کے لیے خلیج تعاون کونسل کا تیار کردہ فریم ورک ہی قابل قبول ہوگا۔