خبرنامہ انٹرنیشنل

صدرمنتخب ہواتوصادق خان کوامریکہ آنے کی اجازت ہو گی،ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن(آن لائن)امریکہ میں رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کے خواہشمند ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ لندن کے نومنتخب میئر امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر ان کی مجوزہ پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔اپنے عقیدے کے سبب لندن کے نو منتخب میئر صادق خان نے اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا کہ اگر ٹرمپ امریکہ کے صدر بن جاتے ہیں تو وہ امریکہ نہیں جا سکیں گے۔گذشتہ سال پیرس میں حملوں کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ تجویز پیش کی تھی کہ مسلمانوں کا امریکہ میں داخلہ بند کر دیا جائے۔ان کی عارضی پابندی کی وسیع پیمانے پر تنقید ہوئی تھی لیکن ٹرمپ اپنی تجویز پر قائم ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ یہ امریکہ کی سکیورٹی کے لیے ضروری ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ میں خوش ہیں کہ صادق خان لندن کی سربراہی کریں گے، اگر وہ اچھا کام کرتے ہیں اور صاف طور پر کہوں کہ اگر وہ بڑا کام کرتے ہیں تو یہ بڑی بات ہوگی۔خیال رہے کہ پاکستان سے ترک وطن کرنے والے کے بیٹے صادق خان لندن کے پہلے مسلمان میئر ہیں۔لیبر پارٹی کے صادق خان نے زیک گولڈسمتھ کو شکست دی۔ انھیں 13 لاکھ دس ہزار 143 ووٹ ملے جبکہ ان کے مخالف ٹوری پارٹی کے زیک گولڈسمتھ کو نو لاکھ 94 ہزار 614 ووٹ ملے۔صادق خان نے ٹائم میگزن سے بات کرتے ہوئے کہا تھاکہ میں امریکہ جانا چاہتا ہوں اور امریکہ کے میئروں سے ملاقات کرنا چاہتا ہوں لیکن اگر ڈونلڈ ٹرمپ صدر بن جاتے ہیں تو مجھے میرے عقیدے کی وجہ سے وہاں جانے سے روک دیا جائے گا۔انھوں نے کہاکہ مجھے امید ہے ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاست امریکہ پر حاوی نہیں ہوگئی۔