خبرنامہ انٹرنیشنل

صدر بشارالاسد کی موجودگی میں شام کےتنازعہ کا حل ممکن نہیں، ترک وزیراعظم

استنبول:(اے پی پی) ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ صدر بشارالاسد کی ایوان اقتدار میں موجودگی میں شام کے تنازعہ کا حل ممکن نہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ شامی مسئلہ کے حل کیلئے صدر بشارالاسد کو جانا ہوگا۔ ترک وزیراعظم نے کہا کہ شام میں ایک طرف صدر بشارالاسد ہیں اور دوسری طرف داعش اور ان میں سے کوئی ایک بھی قابل قبول نہیں کیونکہ دونوں شامی عوام کیلئے مشکلات کا باعث ہیں۔ فرض کریں کہ ہم شام میں داعش سے چھٹکارہ پالیتے ہیں، اس کے باوجود شام کا مسئلہ حل نہیں ہوگا کیونکہ عین ممکن ہے کہ داعش کی جگہ کوئی اور دہشت گرد گروپ سامنے آجائے۔ انہوں نے شامی صدر پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے اپنے ہی شہریوں کو جان بوجھ کر مارنے کی پالیسی اختیار کی جس کے نتیجہ میں داعش وجود میں آئی۔ تجزیہ کاروں نے ترک وزیراعظم کے اس موقف کو شام کے حوالہ سے ترکی کی خارجہ پالیسی میں اہم تبدیلی قرار دیا ہے۔