خبرنامہ انٹرنیشنل

صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر ایف بی آئی پر برہم

صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر ایف بی آئی پر برہم
واشنگٹن:(ملت آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایک بار پھر تردید کی ہے کہ انھوں نے ایف بی آئی کے معزول سربراہ جیمز کومی سے کہا تھا کہ وہ قومی سلامتی کے مشیر مائیکل فلن کے روس سے تعلقات کے بارے میں تفتیش ختم کردیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق گزشتہ روز صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کی کہ ایف آئی اے کی ساکھ تار تار ہو گئی ہے۔ انھوں نے اس کے ساتھ صدارتی انتخابات میں حریف امیدوار ہیلری کلنٹن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے پہلے جب معلوم ہوا کہ انھوں نے وزارتِ خارجہ کے امور چلانے کیلئے اپنی نجی ای میل کو استعمال کیا تھا تو ان کے خلاف ایف بی آئی نے تحقیقات کی تھی تاہم ان پر اور ان کی ٹیم پر کوئی الزام عائد نہیں کیا گیا تھا۔ صدر ٹرمپ نے امریکی ٹی وی چینل اے بی سی نیوز پر الزام عائد کیا کہ وہ خوفناک طریقے سے غلط اور بدنیتی پر مبنی رپورٹنگ کررہا ہے۔ صدر کی جانب سے یہ الزام اس وقت عائد کیا گیا جب ٹی وی چینل کے رپورٹر نے تسلیم کیا کہ صدر کے بارے میں ایک خبر میں غلطی کی گئی تھی۔