خبرنامہ انٹرنیشنل

صوبہ قندوزمیں امریکی ڈرون حملہ13طالبان ہلاک

کابل :(اے پی پی) افغانستان کے شمالی صوبہ قندوز میں امریکی ڈرون حملے میں 13طالبان ہلاک ہوگئے، ہرات کے گورنر کی رہائش گاہ کے قریب دھماکے میں7افراد زخمی ہوگئے،ہلمند میں طالبان کی جیل سے 23افرادکو بازیاب کرالیا گیا اور اس دوران جھڑپ میں 8طالبان ہلاک ہوگئے،فرح میں ایک دھماکہ کے نتیجے میں بارڈرگارڈز کا کمانڈر اور ان کا محافظ ہلاک ہوگیا۔افغان میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز شمالی صوبہ قندوز میں امریکی ڈرون حملے میں 13طالبان ہلاک ہوگئے۔حکام نے حملے کے مقام اورمرنے والے افراد کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔واضح رہے کہ ایک روزقبل امریکا نے جاسوس طیارے کے حملے میں طالبان کے اہم رہنماء ملا منصورکو ہلاک کرنے کا دعویٰ کردیا تھا۔صوبہ ہرات کے گورنر کی رہائش گاہ کے قریب ایک دھماکے میں7افراد زخمی ہوگئے۔حکام نے بتایا کہ زخمی ہونے والے افرادمیں 2بچے بھی شامل ہیں۔دھماکے کی وجوہات بارے نہیں بتایا گیا۔افغان حکام نے صوبہ ہلمند میں طالبان کی جیل سے 23افرادکو بازیاب کرالیاہے ،اس دوران جھڑپ میں 8طالبان ہلاک ہوگئے۔حکام نے بتایا کہ سیکورٹی اداروں نے طالبان کی جیل کے خلاف کاروائی کی اس دوران ہونے والی جھڑپ میں 8طالبان ہلاک ہوگئے یہ جیل مرجا ضلع میں قائم کی گئی تھی اوران میں میں سیکورٹی اہلکار وں سمیت متعدد شہریوں کو محبوس رکھا گیا تھا ۔ہلمند کے بیشتر علاقوں پر طالبان کا قبضہ ہے اورافغان حکومت کیلئے اس علاقے میں اپنی عمل داری قائم کرنا ہمیشہ سے ایک مسئلہ رہاہے۔مغربی صوبہ فرح میں ایک دھماکہ کے نتیجے میں بارڈرگارڈز کا کمانڈر اور ان کا محافظ ہلاک ہوگیا۔یہ واقعہ ضلع جوئین کے علاقہ میں پیش آیا۔حکام کے مطابق کمانڈر کی گاڑی بارودی سرنگ کی زد میں آنے زوردار دھماکہ ہوا۔ابھی تک کسی تنظیم یا گروپ نے اس حملے کی زمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔