خبرنامہ انٹرنیشنل

صومالیہ میں امریکی ڈرون حملے میں الشباب کا اہم کمانڈر ہلاک

موغادیشو(آئی این پی )صومالیہ میں امریکی ڈرون حملے میں شدت پسند گروہ الشباب کا ایک سینیئر کمانڈر ہلاک ہو گیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے بتایا ہے کہ صومالیہ میں بغیر ہوا باز کے امریکی جاسوس طیارے سے کی گئی کارروائی میں الشباب کا سینیئر کمانڈر مار اگیا ۔۔صومالیہ میں عہدیداروں نے بتایا کہ ڈرون حملے میں مارے جانے والے کمانڈر کا نام حسن علی دوہری تھا اور وہ لوگ ہلاک کرنے والی الشباب کی ایک ٹیم کا سربراہ تھا۔صومالیہ کی حکومت کی طرف سے گزشتہ سال موغادیشو میں ایک دہشت گرد حملے میں ملوث 12 افراد پر مشتمل الشباب کے انتہائی مطلوب کارکنوں کی فہرست میں حسن علی بھی شامل تھا۔امریکی وزارت دفاع کے پریس سیکرٹری پیٹر کک نے جمعرات کو اس بات کی تصدیق کی تھی کہ صومالیہ کی فورسز کے تعاون سے امریکہ نے فضائی کارروائی کی ہے۔انھوں نے کہا کہ حسن علی نے ماضی میں ایک ایسے حملے کی بھی قیادت کی جس میں کم از کم تین امریکی شہری ہلاک ہو گئے تھے جب کہ پیٹر کک کے مطابق وہ مشرقی افریقہ کہ اس ملک میں امریکی شہریوں پر مزید حملوں کی منصوبہ بندی بھی کر رہا تھا۔صومالیہ اور پڑوسی ملک کینیا میں حملوں میں ملوث الشباب کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس تنظیم کا القاعدہ سے تعلق ہے۔