خبرنامہ انٹرنیشنل

صومالیہ: 2خودکش حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 23 ہوگئی

موغا دیشو/واشنگٹن(آئی این پی)صومالیہ میں گزشتہ روز ہونے والے 2خودکش حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد23ہوگئی ،شدت پسند تنظیم الشباب نے ان دھماکوں کی ذمے داری قبول کی تھی۔غیر ملکی میڈ یا کے مطابق صومالیہ میں گزشتہ روز ہونے والے 2خودکش حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 23 ہوگئی ہے جبکہ 40کے قریب افراد زخمی ہیں جو مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔حکام کے مطابق شمالی صومالیہ میں بارود سے بھرے ایک ٹرک کو موغادیشو سے ساڑھے سات سو کلومیٹر شمال کی جانب گلکایو کے مقام پر ایک انتظامی عمارت سے ٹکرا دیا گیا، اسی علاقے میں دوسرا کار بم حملہ اس وقت ہوا، جب لوگ پہلے دھماکے کے متاثرین کی مدد کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔مقامی میڈیا کے مطابق مرنے والوں میں ایک مقامی پولیس کمانڈر اور اس کا نائب بھی شامل ہے۔ذرائع کے مطابق دھماکوں کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں۔ شدت پسند تنظیم الشباب نے ان دھماکوں کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔دوسر ی جانب امریکہ نے صومالیہ میں ہونے والے خودکش حملوں کی مذمت کی ہے ۔امریکہ کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان نیڈ پرائس نے ایک بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز، سرکاری عہدیداروں اور عام شہریوں پر حملے کا مقصد صومالیہ کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔