برازیلیا۔ (اے پی پی) لاطینی امریکا کے ملک برازیل میں اس مرتبہ کا سالانہ کارنیوال دنیا بھر کے لیے “زیکا وائرس” کی شکل میں ٹائم بم بن سکتا ہے۔ یہ وائرس رحم مادر میں انسانی جنین اور اس کے دماغ تک کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکا ہے۔ سرکاری طور پر ہفتے کے روز شروع ہونے والے اس سالانہ کارنیوال میں ملک کی آدھی سے زیاہ آبادی یعنی تقریبا 10 کروڑ افراد سڑکوں، میدانوں اور ساحلوں پر نکل آتے ہیں، اور پھر اگلے 5 روز تک دن رات رقص اور دیگر تفریحی سرگرمیوں میں مصروف رہتے ہیں۔ اس دوران لوگوں کی بڑی تعداد آپس میں لاکھوں بوسوں کا تبادلہ بھی کرتی ہے۔ اس مرتبہ طبی ماہرین نے سخت تنبیہہ کی ہے کہ زیکا وائرس انسانی جسم کے سیال سے منتقل ہوتا ہے جس میں انسانی لعاب اہم ترین ہے۔