خبرنامہ انٹرنیشنل

طیارہ حادثے میں دہشت گردی کا امکان ہے: روس

روسی:(ملت+اے پی پی) حکام کا کہنا ہے کہ روسی فوجی طیارے کے حادثے میں دہشت گردی کے امکان کو نظرانداز نہیں کر سکتے، اس سے قبل روس نے اتوار کو ہونے والے طیارہ حادثے میں دہشت گردی کے امکان کو مسترد کردیا تھا۔ سربراہ تحقیقاتی کمیشن کا کہنا ہے کہ بلیک باکس کی ابتدائی ڈی کوڈنگ کے بعدکسی دھماکے کے ثبوت نہیں ملے لیکن دہشت گرد حملہ صرف دھماکا کرنا ہی نہیں کچھ اور بھی ہوسکتا ہے، مکینیکل فالٹ بھی وجہ ہوسکتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحقیقات میں دہشت گردی کے امکان کو نظرانداز نہیں کریں گے،ہرامکان پر تحقیق اور پھر نتیجے پر پہنچنے میں ایک ماہ لگے گا۔ سوچی سے شام جانے والا روسی فوجی طیارہ اتوار کو بحیرۂ اسود میں گر کر تباہ ہوگیا تھا، طیارے میں سوار تمام بانوے افراد ہلاک ہوگئے تھے۔