خبرنامہ انٹرنیشنل

طیارے میں مسافر نے میرا گلا دبانے کی کوشش کی، کنہیا کمار کا الزام

نئی دہلی: (آئی این پی) بھارت کی معروف جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں اسٹوڈنٹس یونین صدر کنہیا کمار نے الزام عائد کیا ہے کہ جیٹ ایئر ویز کے طیارے میں ان پر ایک مسافر نے حملہ کیا اور گلا دبانے کی کوشش کی۔ پولیس نے اس معاملے میں ایک شخص کو حراست میں لیا ہے۔ مبینہ حملہ کرنے والے نوجوان سے ایئر پورٹ کے سیکیورٹی اہلکار پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ اس سے قبل کنہیا کمار پر کئی بار حملے ہوچکے ہیں جن میں عدالت میں ہونیوالا حملہ بھی شامل ہے۔ کنہیا کمار نے جواہر لال یونیورسٹی میں افضل گورو کے حوالے سے ہونے والے احتجاج میں گرفتار مسلمان طالبعلموں کے حق میں حکومت کے خلاف اعلان بغاوت کیا تھا اور انھوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارتی فوجی جارحیت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔