قاہرہ:(اے پی پی) عرب لیگ نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی سرزمین پر غاصبانہ قبضہ ختم کرانے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔عرب لیگ نے جمعرات کو یوم الارض کی مناسبت سے ایک بیان میں مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں پر صیہونیوں کے مظالم بند کرائے جائیں اور ایک آزاد فلسطینی مملکت کے قیام کی راہ میں حائل سبھی رکاوٹیں دور کی جائیں۔ عرب لیگ نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیاہے کہ وہ فلسطینیوں پر مظالم بند کرنے کے لئے صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالیں۔عرب لیگ نے اپنے بیان میں صیہونی اقدامات کے خطرات کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ایک آزاد فلسطینی مملکت کہ جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو، قائم نہیں ہو جاتی اس وقت تک خطے میں امن قائم نہیں ہو سکے گا۔ عرب لیگ کے بیان میں صیہونی حکومت کی پالیسیوں کو ہی علاقے اور دنیا میں امن و صلح کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا گیا ہے۔