تہران:(اے پی پی) اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے افغانستان کے ساتھ پوری دنیا کے اقتصادی تعاون کی ضرورت پرزور دیا ہے۔ انھوں نے افغانستان کی صورت حال کا جائزہ لینے کی غرض سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تشکیل پانے والے اجلاس میں کہا کہ ایران ہمیشہ افغانستان میں امن و استحکام اور اقتصادی ترقی کا خواہاں رہا ہے۔ غلام علی خوشرو نے کہا کہ ایران کا خیال ہے کہ افغانستان کو دہشت گرد گروہوں خاص طور سے طالبان اور حال ہی میں داعش کے خلاف مہم اور اسی طرح اقتصادی طور پر کافی مسائل و مشکلات کا سامنا رہا ہے اس لئے عالمی برادری کا فرض بنتا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف مہم اوراقتصادی مسائل و مشکلات پر قابو پانے کے لئے افغانستان کی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انھوں نے کہا کہ ایران، افغانستان میں تمام دہشت گردانہ اقدامات کی مذمت اور اس ملک کے امن عمل کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔