خبرنامہ انٹرنیشنل

عالمی شہرت یافتہ باکسرمحمد علی انتقال کرگئے

نیو یارک:(آئی این پی) سابق ہیوی ویٹ چیمپئن محمد علی انتقال کر گئے ، وہ سانس کی تکلیف کے باعث ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔ ڈاکٹرز نے عظیم باکسر کے اگلے چند گھنٹے اہم قرار دیے تھے ۔ اس سے پہلے 2015 اور 2014 میں بھی محمد علی تشویش ناک حالت میں ہسپتال میں داخل ہوئے ۔ باکسنگ کنگ محمد علی نے بڑے بڑوں کو دن میں تارے دکھائے ۔ 74 سالہ محمد علی پہلی بار 1964 میں باکسنگ کے عالمی چیمپیئن بنے ، لیجنڈ باکسر 1974 ، 1978 میں بھی باکسنگ کے عالمی چیمپیئن کا اعزازحاصل کیا۔ سابق باکسنگ لیجنڈ محمد علی نے 1984میں پارکنسنز کی تشخیص کے بعد باکسنگ چھوڑ دی تھی ۔ عالمی شہرت یافتہ باکسر محمد علی 1942میں لوزویلی امریکہ میں پیدا ہوئے ۔ 1975میں اسلام قبول کرنے سے قبل ان کا نام کاسیس مارسیس کلے تھا ۔ انہوں نے روم اولمپک 1960 کی ہیوی ویٹ کیٹگری میں گولڈ میڈل جیت کر شہرت کی وادی میں قدم رکھا اور پھر کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا ۔ انہوں نے 1964 میں ٹیونے ہینس سیکر کو ہرا کر پہلی پروفیشنل فائٹ جیتی ، باکسنگ کی ہیوی ویٹ کیٹگری میں انہیں عظیم ترین باکسر ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔ محمد علی نے کیرئیر میں 61 مقابلے لڑے اور 56 میں فتح حاصل کی جبکہ 5 میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑ ا ۔ انہیں سپورٹس مین آف دی سینچری اور سپورٹس پرسنالٹی آف دی سینچری کے اعزازات سے بھی نواز گیا ۔ وہ امریکی ریاست ایریزونا میں 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ۔ ان کے 9 بچے ہیں جن میں سے لیلٰی ، علی اور محمد علی جونیئر نے بھی باکسنگ کے میدان میں قدم رکھا ۔ باکسنگ کے رنگ میں ان کے کارنامے رہتی دنیا تک یاد رکھے جائیں گے ۔