خبرنامہ انٹرنیشنل

عام شخص کے لیے شاہی خاندان چھوڑنے والی شہزادی

جاپان کی شہزادی ایاکو ایک عام شہری سے شادی کرنے والی ہیں اور اس کے لیے وہ شاہی خاندان میں اپنی حیثیت کو چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔

جاپان ٹائمز کے مطابق 27 سالہ شہزادی اپنے 32 سالہ دوست کائی موریا سے رواں سال منگنی کررہی ہیں جبکہ شادی کی تقریب 29 اکتوبر کو ہوگی۔

شاہی خاندان کی بجائے ایک عام شخص سے محبت کی شادی کے نتیجے میں شہزادی ایاکو کو اپنی شاہی حیثیت سے محروم ہونا پڑے گا۔

جاپانی شاہی خاندان کے قوانین کے تحت اگر کوئی شہزادی کسی عام شخص سے شادی کرتی ہے تو اسے اپنے شاہی رتبے کو چھوڑنا پڑتا ہے۔

شہزادی ایاکو جاپانی شہنشاہ کے آنجہانی کزن شہزادہ تاکوموڈو کی سب سے چھوٹی بیٹی ہیں، جن کی ملاقات کائی موریا سے گزشتہ سال دسمبر میں اپنی والدہ کے ذریعے ہوئی تھی۔

شہزادی کی والدہ کائی موریو کی آنجہانی ماں کی پرانی دوست تھیں اور انہوں نے اپنی بیٹی سے شپنگ کمپنی کے لیے کام کرنے والے موریو سے ملاقات اس توقع کے ساتھ کرائی کہ شہزادی بین الاقوامی فلاحی کاموں کے لیے زیادہ سرگرم ہوسکیں گی۔

تاہم ملاقات کے بعد ایاکو اور موریو کو احساس ہوا کہ کام سے ہٹ کر دونوں کے درمیان بہت کچھ مشترک ہے۔

شہزادی ایاکو گزشتہ دو برسوں کے دوران دوسری شہزادی ہیں جنہوں نے ایک عام شخص سے شادی کے لیے شاہی حیثیت چھوڑنے کا اعلان کیا۔

گزشتہ سال ستمبر میں ایاکو کی کزن شہزادی ماکو نے بھی اپنے کالج کے ساتھی کائی کومورو سے منگنی کا اعلان کرکے شاہی رتبے کو چھوڑنے کا کہا تھا۔

ان دونوں کی شادی 2020 میں ہونے کا امکان ہے کیونکہ وہ ابھی مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے مزید وقت چاہتے ہیں۔