خبرنامہ انٹرنیشنل

عبوری دور میں بشار الاسد کا کوئی کردار نہیں ہوگا، شامی حزبِ اختلاف

عبوری دور میں بشار الاسد کا کوئی کردار نہیں ہوگا، شامی حزبِ اختلاف
ریاض:(ملت آن لائن) شامی حزب اختلاف نے اپنے اس مطالبے کا اعادہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی ثالثی میں مستقبل میں طے پانے والے کسی امن معاہدے کے تحت عبوری دور میں صدر بشارالاسد کا کوئی کردار نہیں ہوگا۔العربیہ ٹی وی کے مطابق شامی حزب اختلاف کے مندوبین نے سعودی دارالحکومت ریاض میں دوروزہ مشاورتی اجلاس کے بعد ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ بشارالاسد کی رخصتی کے بغیر انتقال اقتدار کا عمل طے نہیں پاسکتا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس کے شرکاء نے اقوام متحدہ کے تحت ایک سیاسی عمل کی حمایت کی ہے۔اس کے ذریعے شامی ایک بنیادی سیاسی انتقالِ اقتدار اور مطلق العنان حکمرانی سے جمہوریت کی جانب سفر کر سکیں گے اور ملک میں آزادانہ انتخابات کا انعقاد کرایا جاسکے گا۔اجلاس میں شامی حزب اختلاف کے مختلف دھڑوں اور گروپوں سے تعلق رکھنے والے ایک سو چالیس سے زیادہ مندوبین نے شرکت کی ہے۔اعلامیے کے مطابق اسد حکومت کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے سیاسی عمل اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکا ہے۔اس میں شہری علاقوں پر بمباری ، باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں کے محاصرے اور ہزاروں حکومت مخالفین کو پابند سلاسل کرنے کے حوالے دیئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ شامی حزب اختلاف کا یہ دو روزہ اجلاس اقوام متحدہ کے زیر اہتمام جنیوا میں امن مذاکرات سے قبل طلب کیا گیا تھا اور مندوبین نے جنیوا مذاکرات میں کوئی مشترکہ موقف اپنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔