خبرنامہ انٹرنیشنل

عراق،موصل میں داعش کے ہاتھوں خاتون سمیت 21 افراد سنگسار

بغداد(آئی این پی)عراق کے شہر موصل میں شدت پسند گروپ داعش کے جنگجوں نے غیرشرعی تعلقات کے قیام کے الزام میں ایک خاتون اور 20 دیگر شہریوں کو سنگسار کرتے ہوئے انہیں موت کے گھاٹ اتاردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراق کی نینوی گورنری سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ شدت پسند گروپ دولت اسلامی داعش کے جنگجوں نے غیرشرعی تعلقات کے قیام کے الزام میں ایک خاتون اور 20 دیگر شہریوں کو سنگسار کرتے ہوئے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔ یہ واقعہ حال ہی میں بغداد کے شمال میں 405 کلومیٹر دور مشرقی موصل میں پیش آیا۔ایک مقامی نیوز ویب پورٹلمدی پریس نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ داعشی جنگجوں نے ایک خاتون اور 20 دیگر نوجوانوں کو حراست میں لیا اور ان پر اپنی نام نہاد شرعی عدالت میں غیر شرعی تعلقات کے قیام کے الزام میں مقدمہ چلایا گیا جہاں داعشی قاضی نے انہیں سنگسار کرنے کا حکم دیا۔ بعد ازاں داعش کے حسبہ عناصر نے مشرقی موصل کی تحریر کالونی میں واقع جامع مسجد الزھرا کے باہرانہیں رجم کرتے ہوئے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ایک مقامی شہری نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پربتایا کہ داعش کے محکمہ الحسبہ کے شدت پسندوں نے بڑی تعداد میں شہریوں کو زبردستی جامع مسجد الزاھرا کے باہر جمع کیا تاکہ انہیں سنگساری کی سزا کے نفاذ کو اپنی آنکھوں سے دیکھنے پرمجبور کیا جاسکے۔ بعد ازاں داعشی جنگجوں نے ایک خاتون اور بیس دوسرے افراد کو ایک ایک کرکے سنگ سار کردیا۔ مقتولین کی میتیں موصل کے العدلی اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔خیال رہے کہ موصل شہر پر داعش نے جون 2014 کو قبضہ کیا تھا جس کے بعد اس اہم شہر پر داعش کی حکومت قائم ہے جو اپنی مرضی سے لوگوں پر سزائیں نافذ کررہی ہے۔