خبرنامہ انٹرنیشنل

عراق، دولت اسلامیہ کے ہاتھوں امریکی فوجی کی ہلاکت

بغداد/واشنگٹن (آئی این پی )امریکی محکمہ دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ شمالی عراق میں کرد پیشمرگا کی مشیر امریکی فوج کو شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ نے ہلاک کر دیا ہے۔ ہلاک ہونے والے اس نیوی سیل کا نام چارلی کیٹنگ بتایا گیا ہے۔ 31 سالہ جنگی ماہر نیوی سیل کا تعلق امریکی ریاست ایریزونا سے تھا۔ پیشمرگا حکام کا کہنا ہے کہ منگل کی صبح جنگجوؤں نے دولت اسلامیہ کے زیر قبضہ شہر موصل کے شمال میں فرنٹ لائن کو عبور کیا۔ 2014 میں دولت اسلامیہ کے خلاف امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے جنگ کا آغاز کرنے کے بعد سے اب تک میدان جنگ میں ہلاک ہونے والے یہ تیسرے امریکی ہیں۔ تاہم عراقی حکومتی فورسز امریکی اتحادیوں کی جانب سے کیے جانے والے فضائی حملوں اور فوجی مشاورت کی مدد سے دولت اسلامیہ کو بتدریج پیچھے دھکیلنے میں کامیاب ہوئی ہیں لیکن اب بھی شدت پسند تنظیم کو ملک کے شمال اور مغرب میں بڑے پیمانے پر کنٹرول حاصل ہے۔امریکی نیوی سیل کی ہلاکت کا اعلان کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے صرف اتنا ہی کہا کہ ’عراقی علاقے اربل میں دشمن کی فائرنگ میں ایک امریکی فوجی مارا گیا ہے۔‘ایشٹن کارٹر نے جرمنی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’لازمی طور پر یہ دوران جنگ موت ہے اور بہت افسوسناک نقصان ہے۔‘بعد ازاں عراق میں امریکی حکام کا کہنا تھا کہ فوجی کو دولت اسلامیہ کی جانب سے پیشمرگا کی چوکی سے تین سے پانچ کلومیٹر دور سے براہ راست گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔