خبرنامہ انٹرنیشنل

عراق:وزیراعظم ہاؤس پر دھاوا، کرفیو نافذ

بغداد:(اے پی پی) عراقی وزیراعظم حیدر العبادی کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ روز بلوائیوں کے ایک گروپ نے دفتر پر چڑھائی کی کوشش کی ہے جس کے بعد دارالحکومت میں کرفیو لگا دیا گیا ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق عراقی حکومت کے زیرانتظام میڈیا وار سیل کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تخریب کار عناصر کے ایک گروپ نے دستی ہتھیاروں اور چاقوؤں کے ذریعے گرین زون میں سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں پرحملے کے بعد وزیر اعظم کے دفتر پر بھی چڑھائی کی ہے جس کے بعد حکومت نے دارالحکومت میں غیرمعینہ مدت کے لیے کرفیو لگا دیا ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ شرپسند عناصر کی جانب سے کیے گئے حملے میں متعدد حکومتی اور سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں اورانہیں علاج کے لیے بغداد کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمیوں میں سیبعض کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔درایں اثناء بغداد آپریشنل کمانڈ کی جانب سے دارالحکومت میں قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بغداد میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں کی باریک بینی سے چیکنگ کریں۔ ایسی کسی گاڑی کو جس میں مسلح افراد سوار ہوں، دارالحکومت میں داخل ہونے سے سختی سے روکا جائے۔ادھرعراقی حکومت نے بغداد میں غیرمعینہ مدت کے لیے کرفیو لگانے کا اعلان کیا ہے۔