خبرنامہ انٹرنیشنل

عراق:کاربم دھماکے میں 64افراد ہلاک ،87 زخمی،داعش نے ذمہ داری قبول کرلی

بغداد(آئی این پی)عراقی دارلحکومت کے نواحی شہر میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 64افراد ہلاک اور87 زخمی ہوگئے ، داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراقی سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ شیعہ اکثریتی علاقے کی مصروف مارکیٹ میں خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری کار اڑادی جس کے نتیجے میں 64افراد ہلاک اور87 زخمی ہوگئے۔دھماکے کے وقت بازار میں رش تھا ۔ داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ۔پولیس اور میڈیکل حکام کے مطابق جس کے نتیجے میں ہونیوالے دھماکے کے زخمی ہونیوالوں میں 87افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے ۔ دھماکے کے بعد موقع پر دھویں کے سیاہ بادل اٹھتے دکھائی دیتے رہے جبکہ قریبی عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیاگیا ہے ۔ایک دہائی قبل روز دھماکوں کا نشانہ بننے والے بغداد میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہورہی ہے، لیکن اب بھی دہشت گردوں کی جانب سے عوامی مقامات اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔عراق میں داعش کے ابھرنے کے بعد وہاں سالوں سے جنگ اب فرقہ وارانہ لڑٓائی میں بدل چکی ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔امریکی اور عراقی فورسز کی جانب سے بھی داعش کے زیر قبضہ علاقوں کو چھڑانے کی کوششیں جاری ہیں، اور اب تک کئی علاقوں سے انہیں پیچھے دھکیلا جاچکا ہے۔