بغداد ۔ (اے پی پی) عراقی حکام نے سامرہ کے مغرب میں 150 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔عراقی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عراقی حکومت کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے صوبہ صلاح الدین میں واقع سامرہ کے مغرب میں دہشت گرد گروہ داعش کے 150 سے زیادہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے اور تقریبا پندرہ علاقوں اور دیہاتوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا ہے۔ عراقی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے ان آپریشنوں کے دوران داعش کی 150سے زائد گاڑیاں اور68 ٹھکانے بھی تباہ کئیے۔عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس نے کہا ہے کہ چند دنوں کے آپریشن کے بعد سامرہ کا الجزیرہ نامی علاقہ داعش کے قبضے سے مکمل طور پر آزاد ہو گیا ہے اور اب وہ عراق کی سیکورٹی فورسز اور رضاکار فورس کے اہلکاروں کے کنٹرول میں ہے۔