خبرنامہ انٹرنیشنل

عراقی شہرسماوا میں کار بم دھماکے، 33 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی

بغداد:(اے پی پی) عراق کے جنوبی شہر سماوا میں 2 بم دھماکوں کے نتیجے میں 33 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ عراق کے دارالحکومت بغداد سے 230 کلو میٹر دور سماوا شہر کے انتہائی مصروف علاقے میں 2 کار بم دھماکوں کے نتیجے میں 33 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے. پولیس کے مطابق پہلا کار بم دھماکا بس اسٹیشن کے قریب ہوا اور 5 منٹ کے وقفے سے 400 میٹر فاصلے پر ایک اور کار میں زور دار دھماکا ہوا جس کے باعث ہلاکتیں ہوئیں جب کہ دھماکوں کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ عراق میں ایک مرتبہ پھر تشدد کی لہر میں تیزی دیکھی جارہی ہے اور گزشتہ روز دارالحکومت بغداد میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔