خبرنامہ انٹرنیشنل

عراقی فوج کی کارروائی میں داعش کے200جنگجو ہلاک

بغداد/برلن:(اے پی پی)عراقی فوج کی کارروائی کے دوران داعش کے 200 جنگجو ہلاک اور ان کی320 گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ فضائی کارروائی فلوجہ شہر کے جنوب میں شکست کے بعد جنگ سے بھاگتے ہوئے داعش کے جنگجوئوں کے خلاف کی گئی۔ فلوجہ تقریباً 2 سال تک داعش کے قبضے میں رہا اور گزشتہ ہفتے ہی عراقی فورسز نے امریکی زیرقیادت اتحاد کی معاونت سے شدت پسندوں کو یہاں سے نکال باہر کیا تھا۔ تازہ فضائی کارروائیوں سے داعش کو پہنچنے والا یہ سب سے زیادہ جانی نقصان ہے۔ فضائی کارروائی منگل کے روز رات گئے کی گئی جس میں 200 جنگجو ہلاک اور 320 گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ فوجی ترجمان کے مطابق فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ پر بھی قبضہ کرلیا ہے۔ شام میں بھی فورسز نے داعش کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے اور رواں ہفتے ہی عراقی سرحد کے ایک قریب ایک اہم فضائی اڈے کا قبضہ دوبارہ حاصل کر لیا۔ جرمن حکومت نے تحفظات ظاہر کیے ہیں کہ عراق میں اور شام میں چونکہ داعش کے زیر قبضہ علاقوں سے اس گروپ کو نکال باہر کیا جا رہا ہے، اس لیے یہ شدت پسند گروپ یورپ میں دہشت گردی کے حملوں میں اضافہ کر سکتا ہے۔