خبرنامہ انٹرنیشنل

عراقی فورسزکاالرطبہ پرکنٹرول کے لیےآپریشن جاری

بغداد۔:(اے پی پی) عراق کی سکیورٹی فورسز اور اتحادیوں کی مغربی صوبے الانبار میں واقع شہر الرطبہ کا کنٹرول واپس لینے کے لیے داعش کے خلاف مشترکہ کارروائی جاری ہے۔عرب خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کی مشترکہ آپریشنز کمانڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ الرطبہ پر دوبارہ کنٹرول کے لیے اس کارروائی میں خصوصی فورسز کے دستے ،فوجی ،پولیس ،سرحدی محافظ شر یک ہیں۔ وہ ٹینکوں اور توپ خانے سے لیس ہیں اور انھیں عراقی فورسز اور امریکا کی قیادت میں اتحاد کی فضائی مدد بھی حاصل ہے ۔ الرطبہ صوبہ الانبار میں اردن کی جانب جانے والی مرکزی شاہراہ پر واقع ہے اور اس شہر پر 2014ء سے داعش نے قبضہ کررکھا ہے۔ ۔اس سال کے اوائل میں عراقی فورسز نے الرمادی پر دوبارہ قبضہ کر لیا تھا اور اسی ماہ قصبے ہیت پر بھی دوبارہ عراق کا جھنڈا لہرا دیا ہے اور وہاں سے داعش کے جنگجوؤں کو نکال باہر کیا ہے۔ لیکن الانبار کے دوسرے بڑے شہر فلوجہ سمیت ابھی تک متعدد شہر اور قصبے داعش کے زیرتسلط ہیں۔ واضح رہے کہ داعش کی میدان جنگ میں اور شہروں پر قبضے کے لیے پیش قدمی رْک چکی ہے لیکن وہ حکومت کے زیر کنٹرول علاقوں میں بم دھماکے کرتے ہیں۔