خبرنامہ انٹرنیشنل

عراقی وزیرداخلہ تباہ کن بم دھماکوں کےبعدمستعفی

بغداد : (اے پی پی) عراق کے وزیر داخلہ محمد الغبان نے دارالحکومت بغداد میں حالیہ تباہ کن بم دھماکوں کے بعد وزیراعظم حیدر العبادی کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے۔انھوں نے کہا ہے کہ ان کے نائب اب ان کی جگہ ذمے داریاں انجام دیں گے۔محمد غبان نے بغداد میں بدھ کے روز ایک میڈیا کانفرنس کے دوران مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے لیکن وزیراعظم حیدرالعبادی نے دم تحریر ان کے استعفے کو منظور نہیں کیا ہے اور نہ ان کے دفتر کی جانب سے اس کے حوالے سے کوئی بیان جاری کیا گیا ہے۔بغداد کے وسطی علاقے کرادہ میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب ایک شاپنگ مال کے باہر خودکش کار بم دھماکے میں 175 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ داعش نے اس خودکش بم حملے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔اس بم دھماکے کے خلاف عراقی شہریوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے اور وزیر اعظم حیدرالعبادی شہریوں کے غیظ وغضب کا نشانہ بن گئے تھے اور مشتعل ہجوم نے علاقے کے دورے کے موقع پران کے قافلے پر پتھراؤ کیا تھا،جوتے اور بوتلیں پھینکی تھیں اور ان کے خلاف سخت نعرے بازی کی تھی۔