خبرنامہ انٹرنیشنل

عراق اورافغانستان پر قبضہ بد ترین فیصلہ تھا، ٹرمپ

واشنگٹن: (ملت+اے پی پی) امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عراق اور افغانستان پر امریکی قبضے کو بدترین غلطی قرار دیا ہے۔ برطانوی جریدے دی ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عراق اور افغانستان میں مداخلت امریکا کی تاریخ کا بدترین فیصلہ تھا۔ انھوں نے شام میں دہشت گردی کیخلاف روسی اقدامات پر کڑی نکتہ چینی کی اوردعوی کیا کہ شام میں روسی اقدامات کے نتیجے میں انسانی بحران پیدا ہوگیا ہے۔ ٹرمپ نے شام میں محفوظ علاقوں کے قیام کی بات بھی کہہ ڈالی تاہم کہا کہ خلیج فارس کے دولت مند ساحلی ملکوں کو محفوظ علاقوں کے قیام کے اخراجات برداشت کرنا ہوں گے۔ ادھر اخبار بوسٹن ہیرلڈ کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے حلف اٹھانے کے بعد ایشیا سے متعلق پالیسیوں میں تبدیلیوں کااشارہ دیا ہے تاہم وہ شمالی کوریا، بھارت اور پاکستان سے متعلق پالیسی میں کسی تبدیلی کا ارادہ نہیں رکھتے۔ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان متوازن پالیسی کی جانب قدم بڑھایا ہے۔