خبرنامہ انٹرنیشنل

عراق: نکل مکانی کرنےوالوں کی تعداد 6 لاکھ سےتجاوز:اقوام متحدہ

واشنگٹن: (اے پی پی) اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر)کا کہناہے کہ عراق کے جنوب مشرقی شہر موصل سے نکل مکانی کرنے والوں کی تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کر سکتی ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق یو این ایچ سی آر کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موصل میں داعش کے خلاف عراقی افواج کی نئی کارروائی کے نتیجے میں اب تک 14ہزار سے زائد عراقی اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوگئے ہیں اور مزید لوگ نقل مکانی کر رہے ہیں۔ ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے مطابق عراقی سلامتی افواج شہر کے قریب پہنچ چکی ہیں اور شہری لڑائی سے بچنے کے لیے رات کی تاریکی میں بارودی سرنگوں کے بیچ راہ نکال کر بھاگنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ کئی مہاجرین محفوظ مقام کی جانب کی کوشش میں بارودی سرنگوں میں پھنس بھی گئے ہیں۔یواین ایچ سی آر نے متنبہ کیا ہے کہ موصل کے خلاف کارروائی کے نتیجے میں لوگ بڑے پیمانے پر نقل مکانی پر مجبور ہوں گے، جن کی تعداد 6لاکھ سے زائد ہو سکتی ہے۔فلوجہ میں موجودہ کارروائی کے نتیجے میں پہلے ہی 43 ہزار افراد بے دخل ہوچکے ہیں۔دوسری جانب انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کرنے والے اداروں کاکہنا ہے کہ مہاجرین کی ضروریات سنگین صورت اختیار کررہی ہیں۔