خبرنامہ انٹرنیشنل

عراق کےبارےمیں پالیسیاں تبدیل نہیں ہوں گی، سعودی سفیر

بغداد:(آئی این پی)عراق میں متعین سعودی سفیر ثامر السبحان نے واضح کیا ہے عراق کے بارے میں سعودی عرب کی پالیسیاں تبدیل نہیں ہوں گی۔عرب میڈیا کے مطابق ثامر السبحان نے عراق کی جانب سے سعودی عرب کو سفیر تبدیل کرنے کے مطالبے کے بعد رد عمل کے طور پر یہ بیان دیا ہے۔سعودی سفیر نے کہا کہ عراق کے بارے میں سعودی پالیسیاں ناقابل تبدیل رہیں گی اور ان کا افراد سے تعلق نہیں ہے، عراقی دباؤ اور مخصوص ایجنڈے کو بھگت رہے ہیں جو ملک پر اپنی پالیسیاں مسلط کررہا ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ دباؤ فوجی مشیروں کے ذریعے عراقیوں پر دوسرے ممالک کی جانب سے مسلط کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ عراق کے کچھ سیاست دان سعودی سفیر کے ایران مخالف بیانات کے ردعمل میں انھیں ملک سے بے دخل کرنے کا مطالبہ کرچکے ہیں۔سعودی سفیر نے واضح کیا کہ ہمارے عراقی سیاست دانوں کے ساتھ انتہائی دوستانہ تعلقات استوار ہیں لیکن میڈیا اس جانب توجہ نہیں کرتا ۔ثامرالسبحان نے جنوری 2016میں بغداد میں اپنی اسناد سفارت پیش کی تھی اور وہ عراق میں گذشتہ ربع صدی کے بعد پہلے سعودی سفیر تھے۔